اسلام آباد (چوہدری افضال گھمن ) پاکستان میڈیکل ایسوسی اسلام آباد کا ہنگامی اجلاس ،وزارت صحت کی طرف سے وفاقی دارالحکومت کے 2 بڑے ہسپتال پمز اور پولی کلینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی اسامیوں پر فوجی افسران کی تعیناتی کیلئے سیکرٹری دفاع کو لکھے گئے خط کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔پی ایم اے اسلام آباد کے ڈاکٹر میاں رشید ،ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ ،ڈاکٹر محمد اجمل ،ڈاکٹر عابد سعید،ڈاکٹر عمر فاروق ،ڈاکٹر رانا جاوید اور دیگر نے کہا کہ ایسوسی ایشن ایسے کسی بھی اقدام کی نہ صرف مذمت کرتی ہے بلکہ وزارت صحت کو متنبہ کرتی ہے کہ ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہے۔دونوں بڑے ہسپتال میں فوجی افسران کی تعیناتی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔پی ایم اے اسلام آباد کے مطابق ایسا کوئی بھی اقدام سول ڈاکٹرز کی توہین ہے ۔وزارت نے خط لکھ اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔وزارت صحت کے اس اقدام سے سول سوسائٹی اور ادارے کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔پی ایم اے اسلام اپنے اداروں پر مکمل اعتماد کرتی ہے،ہمیں مکمل یقین ہے کہ مذکورہ ادارہ بھی وزارت صحت کے اقدام کا خیر مقدم نہیں کرے گا ۔پی ایم اے اسلام آباد کے مطابق ایسوسی ایشن ایسے کسی بھی اقدام کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔