اسلام آباد (چوہدری افضال گھمن) نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس صدر انور رضا کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں میڈیا ٹاؤن فیز ٹو،نیشنل پریس کلب کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانےاور ممبران این پی سی کی سکروٹنی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں فنانس سیکرٹری نیئر علی کیطرف سے این پی سی ویمن جرنلسٹ کوکس کے قیام کے حوالے سے قرار داد پیش کی جسے باڈی نے متفقہ طور پر منظور کرلیا اور اس کاوش کو بہت سراہا گیا،پاکستان میں خواتین صحافی بہت سارے مسائل کا شکار ہیں، میڈیا ہاؤسز میں نہ صرف تنخواہ کے حوالے ان سے امتیازی رویہ برتا جاتا ہے بلکہ مختلف اداروں میں انکا استحصال بھی کیا جاتا ہے، خواتین صحافیوں کیلئے ٹریننگ کے مواقع بھی بہت کم ہوتے ہیںان تمام مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئےنیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی نے یہ فیصلہ کیا کہ ویمن جرنلسٹ کوکس وقت کی اشد ضرورت ہے، این پی سی جرنلسٹ کوکس کے قیام کا مقصد خواتین صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل ، انکی ٹریننگ، فلاح و بہبود،انکی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا ہے، سیکروٹنی کمیٹی کی چیئر پرسن نیئر علی نے اجلاس کوسیکروٹنی کمیٹی کے اب تک کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ممبران کی فری لانس اور دیگر لسٹوں کو نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دیا گیا ہے اگر کسی ممبر کو کسی دوسرے ممبر پر اعتراض ہے یا کوئی اپنا یا ادارے کا نام درست کروانا چاہتا ہے تو وہ سیکروٹنی کمیٹی سے رابطہ کر سکتا ہے،صدر انور رضانے میڈیا ٹاؤن کے 29 پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور منسوخی کے پس منظر ، میڈیا ٹاؤن فیز ٹو کے حوالے سے ہونے والی مثبت پیش رفت سےاجلاس کوآگاہ کیاجس پرباڈی نے صدر انور رضا کے کردار کو سراہا،صدر انور رضا نے باڈی پر زور دیا کہ وہ سب ملکر پریس کلب کی ڈویلپمنٹ اور معزز ممبران کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔سیکرٹری خلیل احمد راجہ مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کر سکے، انکی غیر موجودگی میں جوائنٹ سیکرٹری شکیلہ جلیل نے قائم مقام سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔